2026 کی پہلی قومی انسدادِ پولیو مہم اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، جس کے دوران ملک بھر میں 4 کروڑ 41 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ حکام کے مطابق یہ مہم چھ روز تک جاری رہی جس میں تمام صوبوں اور علاقوں میں پولیو ٹیموں نے بھرپور حصہ لیا۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (نیشنل ای او سی) کے مطابق پنجاب میں 2 کروڑ 29 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے، جبکہ خیبر پختونخوا میں تقریباً 71 لاکھ بچوں کی ویکسینیشن مکمل کی گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں 1 کروڑ 4 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے دیے گئے، جبکہ بلوچستان میں تقریباً 23 لاکھ 24 ہزار بچوں کو مہم کے دوران کور کیا گیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 4 لاکھ 55 ہزار سے زائد، گلگت بلتستان میں 2 لاکھ 61 ہزار سے زائد اور آزاد جموں و کشمیر میں 6 لاکھ 73 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔ نیشنل ای او سی کا کہنا ہے کہ والدین کسی بھی شکایت یا رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 1166 یا واٹس ایپ نمبر 0346-7776546 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
