سائنسی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ بلڈ گروپ انسان کی مجموعی صحت سے متعلق بعض اہم اشارے فراہم کر سکتا ہے اور کچھ بیماریوں کے خدشات بلڈ گروپ کے مطابق مختلف ہو سکتے ہیں۔ حالیہ برسوں میں محققین نے بلڈ گروپس اور کینسر کے درمیان ممکنہ تعلق پر خصوصی توجہ دی ہے۔
2019 میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق معدے کے کینسر اور بلڈ گروپ کے درمیان تعلق دیکھا گیا ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ بلڈ گروپ اے اور اے بی رکھنے والے افراد میں معدے کے کینسر کا خطرہ بعض دیگر بلڈ گروپس کے مقابلے میں زیادہ پایا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق بلڈ گروپ اے کے حامل افراد میں معدے کے کینسر کا امکان بلڈ گروپ او کے مقابلے میں تقریباً 13 سے 19 فیصد زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بلڈ گروپ اے بی کے حامل افراد میں یہ شرح 18 فیصد تک دیکھی گئی۔ ماہرین کے مطابق اس کی ایک ممکنہ وجہ بلڈ گروپ اے کے افراد میں ہیلی کوبیکٹر پائلوری بیکٹیریا سے متاثر ہونے کے زیادہ امکانات ہو سکتے ہیں، تاہم انفیکشن کے بغیر بھی خطرہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوتا۔
ماہرین صحت اس بات پر زور دیتے ہیں کہ بلڈ گروپ کو کینسر کی واحد یا براہِ راست وجہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ان کے مطابق کینسر مختلف عوامل کے امتزاج سے پیدا ہوتا ہے جن میں غیر متوازن خوراک، تمباکو نوشی، موٹاپا، بعض انفیکشنز، ماحولیاتی اثرات اور عمر شامل ہیں۔ صحت کے ماہرین عوام کو مشورہ دیتے ہیں کہ صحت مند طرزِ زندگی اپنائیں اور باقاعدگی سے طبی معائنہ کرواتے رہیں۔
