رپورٹ محبوب احمد شفقت کمبوہ : کسووال میں مختلف مقامات پر پولیس ناکوں میں اضافے کے باعث شہریوں، خصوصاً موٹر سائیکل سوار محنت کش طبقے کو مشکلات کا سامنا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر اور گردونواح میں مختلف یونٹس کے اہلکار ناکے لگا کر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں کر رہے ہیں، جس سے روزمرہ سفر متاثر ہو رہا ہے۔
متاثرہ افراد کے مطابق موٹر سائیکل غریب اور محنت کش طبقے کی بنیادی سواری ہے، تاہم کارروائیوں کے دوران زیادہ تر اسی طبقے کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ معمولی غلطیوں پر بھی جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں، جس سے روزانہ اجرت پر کام کرنے والوں کے لیے مالی دباؤ بڑھ گیا ہے۔
شہری حلقوں کا مؤقف ہے کہ مہنگائی کے موجودہ حالات میں بھاری جرمانے مشکلات میں اضافہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد ضروری ہے، تاہم اس کے ساتھ عوامی سہولت اور نرمی کو بھی مدِنظر رکھا جانا چاہیے۔
عوامی نمائندوں اور سماجی حلقوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ جرمانوں کے نظام کا جائزہ لیا جائے اور اصلاحی اقدامات کیے جائیں تاکہ قانون پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ شہریوں، خصوصاً محنت کش طبقے کو بھی ریلیف مل سکے
