رپورٹ محبوب احمد شفقت کمبوہ : کسووال میں جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف تجاوزات کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی شہریوں کے مطابق سڑک پر دکانوں کے سامنے رکھا گیا سامان اور ریڑھیوں کی وجہ سے 110 فٹ چوڑی شاہراہ عملی طور پر تنگ گلی میں تبدیل ہو چکی ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ صورتحال اس حد تک سنگین ہو چکی ہے کہ پیدل چلنا بھی مشکل ہو گیا ہے، جبکہ آئے روز ٹریفک جام، معمولی جھگڑے اور حادثات پیش آ رہے ہیں۔ بعض شہریوں کے مطابق ہنگامی حالات میں ایمبولینس اور دیگر ریسکیو گاڑیوں کو بھی راستہ ملنے میں دشواری پیش آتی ہے۔
عوامی اور سماجی حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ تجاوزات کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے ماضی میں تجاوزات کے خاتمے سے متعلق واضح ہدایات جاری کی جا چکی ہیں، تاہم کسووال اور گردونواح میں ان احکامات پر مکمل عملدرآمد نظر نہیں آ رہا۔
شہریوں اور سماجی نمائندوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ تجاوزات کے مسئلے کا فوری نوٹس لیا جائے اور قانون کے مطابق اقدامات کیے جائیں، تاکہ سڑکوں کو عوام کے لیے محفوظ اور قابلِ استعمال بنایا جا سکے۔
