رپورٹ محبوب احمد شفقت کمبوہ : کسووال اور اس کے گردونواح میں میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز سے متعلق قواعد پر عملدرآمد کے حوالے سے شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق بعض مقامات پر قواعد کے مطابق کوالیفائیڈ پرسن کی ہمہ وقت موجودگی یقینی نہ ہونے کے شکوک سامنے آ رہے ہیں۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر شہریوں نے بتایا کہ کسووال کے علاوہ اقبال نگر، بنگلہ اوکانوالہ، 90 موڑ، منیرآباد، اڈہ 103 بارہ ایل اور اڈہ کماند میں بعض میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز کے حوالے سے نگرانی مؤثر نہ ہونے کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ شہریوں کے مطابق اس صورتحال پر متعلقہ اداروں کی جانب سے باقاعدہ جانچ پڑتال ضروری ہے۔
عوامی اور سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈرگز ایکٹ 1976 اور ڈراپ ایکٹ 2012 کے تحت قواعد پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ کوالیفائیڈ پرسن کی ہمہ وقت موجودگی کو یقینی بنانے کے لیے بائیومیٹرک حاضری کا نظام متعارف کرایا جانا چاہیے۔
سماجی حلقوں کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف ادویات کی فروخت کے نظام میں شفافیت بڑھے گی بلکہ عوام کو محفوظ اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں بھی مدد ملے گی۔ شہریوں نے اربابِ اختیار سے فوری نوٹس لینے اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
