راولپنڈی کے تھانہ پیرودھائی کے علاقے گلی لوہاراں میں 22 سالہ نوجوان کی مبینہ طور پر خودکشی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ پولیس کے مطابق اطلاع ملتے ہی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق متوفی کی شناخت فاروق خان کے نام سے ہوئی ہے، جس نے مبینہ طور پر چھری کے وار سے اپنی جان لی۔ پولیس نے علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر لی ہے تاکہ واقعے کے محرکات کا تعین کیا جا سکے۔
واقعے کے بعد مقامی سطح پر یہ تاثر سامنے آیا کہ نوجوان نے یوٹیلیٹی بل زیادہ آنے کے باعث یہ قدم اٹھایا، تاہم پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی بات سامنے نہیں آئی۔
ایس ایچ او پیرودھائی کے مطابق واقعہ خودکشی کا ہے، لیکن وجہ کا تعین تاحال نہیں ہو سکا۔ ان کا کہنا ہے کہ مکمل تحقیقات کے بعد ہی اصل حقائق واضح ہوں گے۔
