ساہیوال پولیس نے تھانہ نور شاہ کی حوالات سے فرار ہونے والے دونوں ملزمان کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر دوبارہ گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے فوری طور پر خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔
ڈی پی او ساہیوال محمد عثمان ٹیپو کی ہدایات پر کام کرنے والی پولیس ٹیم نے خفیہ معلومات اور تکنیکی معاونت کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کلیم اللہ ولد حنیف سکنہ 75/5R اور اللہ دتہ ولد جعفر سکنہ 49/GD کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے فرار کے واقعے کی مکمل انکوائری کی جا رہی ہے، جبکہ اس دوران غفلت یا کوتاہی کے مرتکب ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ترجمان پولیس ساہیوال کے مطابق شہریوں کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے ایسے واقعات پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔
